You are here: غزہ الشفاء اسپتال میں صفائی عملے کے بعد ڈاکٹروں نے بھی ہڑتال کردی
 
 

الشفاء اسپتال میں صفائی عملے کے بعد ڈاکٹروں نے بھی ہڑتال کردی

E-mail Print PDF

0Pala10174غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کےعلاقے غزہ کی پٹی کے الشفاء اسپتال میں صفائی کے عملے کی تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاجا بھوک ہڑتال کے بعد ڈاکٹروں نے بھی ہڑتال شروع کی ہے۔

فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق طبی عملے نے احتجاج اسپتال میں صفائی کا نظام ناقص ہونے اور صفائی کے عملے کے احتجاج پر کیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ صفائی کے عملے کی طرف سے ہڑتال اور کام سے بائیکاٹ کے بعد اسپتال میں صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اسپتال گندگی سے اٹے پڑے ہیں۔

ڈاکٹروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صفائی کےعملے کے مطالبات پورے کرے یا اسپتال میں صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے۔

قبل ازین فلسطین میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر غزہ میں طبی عملے بالخصوص الشفاء اسپتال کے صفائی کے عملے نے بہ طور احتجاج کام چھوڑ ہڑتال شروع کی ہے، جس کے باعث الشفاء میڈیکل کمپلیکس میں مریضوں کے آپریشنزکا عمل معطل ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہےکہ الشفاء اسپتال کے صفائی کے عملے نے کل اتوار سے ہڑتال شروع کی ہے۔ صفائی کے عملے کے ساتھ دیگر ملازمین نے بھی ان کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے ہڑتال میں حصہ لیا جس کےباعث روٹین کے آپریشنز معطل ہیں جب کہ صرف ہنگامی حالت کی سرجری کی جا رہی ہے۔

الشفاءاسپتال کے طبی عملے کا کہنا ہے کہ صفائی کے عملے کی جانب سے احتجاج ان کا حق ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے اسپتال کے ملازمین کو پانچ ماہ سے تنخواہی نہیں دی گئی ہیں، جس کے باعث ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ڈاکٹروں اور دیگر عملے نے صفائی کے شعبے میں کام کرنے والے کارکنوں کو فوری طورپران کی تنخواہیں ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کا علاقہ گذشتہ گیارہ سال سے اسرائیلی ناکہ بندی کا شکار ہے۔ حالیہ مہینوں کے دوران غزہ میں ایندھن اور بجلی کی سپلائی معطل ہونے کے بعد اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں میں صفائی کی ذمہ دار کمپنیوں کی طرف سے عملے کو تنخواہیں نہ دینے کے نتیجے میں اسپتالوں میں صفائی کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے۔ صفائی کے نجی عملے کی ہڑتال کے باعث اسپتالوں کی انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔