You are here: فلسطین نابلس میں صیہونی شرپسند آباد کاروں نے مسجد نذرآتش کر دی
 
 

نابلس میں صیہونی شرپسند آباد کاروں نے مسجد نذرآتش کر دی

E-mail Print PDF

0Pala10698نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کی سرپرستی میں دسیوں صیہونی شرپسندوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ایک مسجد پر آتش گیر مادہ چھڑک کر اسے آگ لگا دی جس کے نتیجے میں مسجد جل کر خاکستر ہوگئی۔

فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ نابلس کے جنوبی قصبے عقربا میں اس وقت پیش آیا جب صیہونی شرپسندوں نے جامع مسجد الشیخ سعادہ پر تیل اور آتش گیر مادہ چھڑکا اور اسے آگ لگا دی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسجد کو شہید کرنے والے صیہونی مجرموں نے مسجد کی بیرونی دیواروں پر اشتعال انگیز نعرے بھی تحریر کیے۔

عقربا کے چیئرمین میونسپل کمیٹی غالب میادمہ نے بتایا کہ صیہونی آباد کاروں نے رات کی تاریکی میں مسجد کو آگ لگائی۔ جب شہری نماز فجر کے لیے مسجد پہنچے تو مسجد جل کر خاکستر ہو چکی تھی۔

ہلال احمر کے امدادی کارکن یوسف دیریہ نے بتایا کہ مسجد کے قریب لگے کیمروں میں مسجد پر آگ لگانے والے افراد کو دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے چہرے کپڑوں سے لپیٹ رکھے ہیں۔ وہ پہلے مسجد کی طرف آتش گیر مادہ لے کر بڑھتے ہیں اور اس کے بعد مسجد کو آگ لگا دیتے ہیں۔

مسجد کے باہر فلسطینیوں، مسلمانوں اور عربوں کے خلاف  اشتعال انگیز نعروں کی چاکنگ بھی کی گئی ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اشتعال انگیزی کارروائی ’دفیع الثمن‘ نامی ایک صیہونی شرپسند گروپ کی جانب سے کی گئی ہے۔